دنیا کے آغاز سے ہونے والے اہم واقعات کو جانئے، یہاں ہمارے اسلاف کے کارنامے اور اس کے علاوہ نہایت دلچسپ واقعات بھی جمع کیے گئے ہیں
فتح ہسپانیہ
24جولائی 711ء (3 شوال 92ھ) کو ہسپانیہ میں دریائے برباط کے کنرے جو لڑائی ہوئی اس میں ایک طرف گیارہ بارہ ہزار اسلامی فوجی تھے جس کا سالار طارق بن زیاد تھا۔ دوسری طرف ہسپانیہ کا بادشاہ راڈرک تھا جس کی فوج دگنی سے کم نہ تھی، لیکن راڈرک نے شکست کھائی اور مارا گیا، ہسپانیہ مسلمانوں کے قبضے میں آگیا، جہاں انہوں نے آٹھ سو سال تک حکومت کی۔ یہی حکومت تھی جس نے صدیوں تک یورپ میں علم و حکمت اور تہذیب و دانش کا چراغ روشن رکھا۔ اسی چراغ کی لو سے یورپ کے اندھیرے میں اجالے کا سامان ہوا۔ مسلمان شمالی افریقا پر قابض ہوچکے تھے اور ہسپانیہ ان کے سامنے تھا۔ وہاں ایک طرف تاج و تخت کے جھگڑے شروع تھے، دوسری طرف راڈرک کے ظلم وجور نے عوام کو پریشان کر رکھا تھا۔ وہ لوگ بار بار مسلمانوں سے امداد کی درخواستیں کررہے تھے، آخر شمالی افریقا کے حاکم نے طارق بن زیاد کو بارہ ہزار فوج دے کر ہسپانیہ پر حملہ کرنے کے لیے بھیجا۔ اس کے پاس صرف چند جہاز تھے، جب پوری سپاہ اس مقام پر اتر گئی جو بعد میں طارق کے نام پر جبل طارق مشہور ہوا تو اس نے جہازوں کو جلوادیا۔ جب پوچھا گیا کہ ایسا کیوں کیا اور شریعت میں ترک اسباب کب جائز ہے! تو طارق نے تلوار کے قبضے پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا کہ ہر ملک ہمارا ہے اس لیے کہ ہمارے خدا کا ہے۔ پھرخود سب سے پہلے آگے بڑھ کر حملہ کیا۔ اسی روز جنگ کا فیصلہ ہوگیا۔ تھوڑی ہی مدت میں پورا ہسپانیہ مسلمانوں کے زیر نگین آگیا۔